ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں دیوار پر اشتعال انگیز پیغام  : مختلف شخصیات اورتنظیموں نے  کی  مذمت۔ ڈی  وائی ایف وائی نے دیا میمورنڈم

منگلورو میں دیوار پر اشتعال انگیز پیغام  : مختلف شخصیات اورتنظیموں نے  کی  مذمت۔ ڈی  وائی ایف وائی نے دیا میمورنڈم

Sat, 28 Nov 2020 13:23:39    S.O. News Service

 منگلورو، 28؍نومبر (ایس او نیوز) منگلورو کے ایک اپارٹمنٹ کی دیوار پر لشکر طیبہ اور طالبان کی حمایت میں اسپرے پینٹ سے لکھے گئے اشتعال انگیز پیغام پر مختلف  شخصیات اور تنظیموں کی طرف سے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعے کی گہرائی کے ساتھ جانچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم ایل اے ویدویاس کامت نے اس حرکت کو ملک دشمن کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہو ں نے بتایا کہ اس معاملے کے تعلق سے میں نے اعلیٰ پولیس افسران سے بات چیت کی ہے۔ ملزمین کو گرفتار کرکے ان کےخلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

ادھر ڈی وائی ایف وائی کے ریاستی صدر منیر کاٹی پلّی نے  اس معاملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑی خوفناک بات ہے، جو سماج کے لئے انتہائی خطرنا ک ہوسکتی ہے۔اوریہ ریاست میں بی جے پی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مانگ کی ہے کہ ایسی نیچ حرکت کرنے والوں کو فوراً گرفتار کیا جانا چاہیےاورپس پردہ  ایسی سازش رچنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے۔اس سلسلے میں ڈی وائی ایف وائی کی جنوبی کینرا ضلع کمیٹی کی طرف سے پولیس کمشنر کو ایک میمورنڈم بھی دیا گیا ۔

جنوبی کینرا یوتھ کانگریس صدر متھن رائے نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے  شہر کی دیوار پر اشتعال انگیز پیغام لکھے جانے کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے ۔

اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاپولر فرنٹ آف انڈیا  جنوبی کینرا کے اعجاز احمد نے  اپنے بیان میں کہا کہ یہ سماج میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے۔ پولیس کو اس کی گہرائی سے جانچ کرنی چاہیے۔اور اس حرکت کے پیچھے جن لوگوں کاہاتھ ہے انہیں ڈھونڈ نکالنا چاہیے۔ملک کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ بننے والی طاقتوں کی ہر کوشش کو ناکام کیا جاناچاہیے۔ 

جبکہ ایس ڈی پی آئی  کے نیشنل کمیٹی رکن ریاض فرنگی پیٹ نے  دیوار پراشتعال انگیز تحریر کے سلسلے میں  سخت اورواضح انداز میں ٹویٹ کیا ہے  کہ  ساحلی شہر کو زعفرانی رنگ میں رنگنے کی جو پلاننگ چل رہی ہے ، یہ حرکت اسی کی کڑی ہے۔ملک کی تمام بڑی تحقیقاتی اور خفیہ ایجنسیوں کو اس معاملے کے ہر زاویے سے تحقیق  شروع کرتے ہوئےآر ایس ایس لیڈروں کی جانچ کی جانی چاہیے۔

ادھر گوشت کے بیوپاریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے یاسین کودرولی اور علی حسن نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور گہرائی سے جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: